(ایجنسیز)
مصر میں سیناء کے علاقے میں گیس پائپ لائن کو دہشت گردوں نے دھماکے سے اڑا دیا ہے۔ دھماکے سے اڑائی جانے والی گیس پائپ لائن سے اردن کو گیس فراہم کی جاتی ہے۔ گیس کی ترسیل کو متاثر کرنے والی ایک مہینے سے بھی کم عرصے میں یہ تیسری کارروائی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق فوری طور پر کسی کے زخمی ہونے یا کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم دھماکے کی اطلاع ملتے ہی شعلے بھڑکنے والے علاقے میں ایمبولینس گاڑیاں اور آگ بجھانے والی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور کام شروع کر دیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے گیس پائپ لائن کو مقتدیبا نامی علاقے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق جائے دھماکہ سے آسمان کو چھونے والے شعلے
بلند ہو رہے تھے۔
مصر کے پہلے جمہوری صدر محمد مرسی کی جولائی 2013 میں برطرفی کے بعد سے سیناء کے علاقے میں تخریبی کارروائیاں تیز ہو چکی ہیں۔ سیناء میں کارروائیاں کرنے والے گروپوں نے اپنی کارروائیوں کا دائرہ قاہرہ تک پھیلا دیا ہے۔ ایسی کارروائیوں کی ذمہ داری عام طور پر القاعدہ سے متاثرہ گروپ انصار بیت المقدس قبول کرتا ہے۔
انصار بیت المقدس کی طرف سے کی گئی زیادہ تر کارروائیوں کا ہدف مصر کی وزارت داخلہ اور پویس کے مراکز بنائے جاتے ہیں۔ جبکہ ادھر سیناء میں گیس پائپ کو اڑانے کی اس تازہ کارروائی سے پہلے انصار بیت المقدس نے ایک فوجی ہیلی کا پٹر کو مار گرانے کا دعوی کیا تھا۔ جبکہ فوجی ترجمان نے ہیلی کاپٹر کے گرنے کو ایک حادثہ قرار دیا تھا۔